صدر آصف علی زرداری کا دوسرے گولڈن پانڈا ایوارڈز انٹرنیشنل کلچر فورم سے خطاب

17

 

‎چینگڈو،13ستمبر  (اے پی پی):صدرمملکت آصف علی زرداری نے چینگڈو میں دوسرے گولڈن پانڈا ایوارڈز انٹرنیشنل کلچر فورم سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو متحد کرنے اور تہذیبوں کو جوڑنے میں فن اور ثقافت کی طاقت کو اجاگر کیا۔

‎ صدرمملکت نے ایوارڈ جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی فنکارانہ کوششیں سرحدوں کو عبور کرتی ہیں اور مشترکہ انسانی اقدار کے ذریعے لوگوں کو اکٹھا کرتی ہیں۔

‎ صدرمملکت آصف علی زرداری نے ”تہذیب کے تبادلے اور باہمی سیکھنے“ کے چین کے وژن کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کو اجاگر کرتے ہوئے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی)، گلوبل سکیورٹی انیشیٹو (جی ایس آئی) اور گلوبل گورننس انیشیٹو (جی جی آئی) کی اہمیت کا ذکر کیا جن کی توجہ پائیدار ترقی، علاقائی استحکام اور مزید بین الاقوامی تعاون پر مرکوز ہے۔ انہوں نے گلوبل گورننس انیشیٹو کی اہمیت پر زور دیا جو تہذیبوں کے تنوع، ثقافتوں کے درمیان مساوات، عوامی تبادلے اور ثقافتی مکالمے کو ”تہذیبوں کے تصادم“ کے بیانیے کے انسداد کے طور پر فروغ دیتا ہے۔

‎صدر مملکت نے  کہا کہ پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی باہمی احترام اور تعاون پر کھڑی ہے، دونوں ممالک  آئندہ  سال سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منانے کی تیاری کر رہے ہیں۔انہوں نے یاد دلایا کہ یہ شراکت داری نہ صرف سٹریٹجک ہے بلکہ لوگوں کے درمیان دوستی کے گہرے رشتوں کا زندہ ثبوت بھی ہے۔ انہوں نے ثقافتی تبادلوں کو وسعت دینے، تخلیقی صنعتوں کو مضبوط بنانے اور افہام و تفہیم اور رواداری کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے چین اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت امن، خوشحالی اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے لیے ایک اہم پل ہے۔

‎صدر مملکت نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تصادم کے بجائے تعاون اور جیت کے حل کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے بے حد متاثر ہوئے ہیں کہ یہ اقدامات کس طرح انسانیت کی مشترکہ اقدار کی خدمت کرتے ہیں۔