جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین کیلئے ایئر لفٹ ڈرونز کے ذریعے تاریخی ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری

25

لاہور، 13 ستمبر (اے پی پی): ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے تاریخ ساز ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ کے جدید ایئر لفٹ ڈرون متاثرین کو کھانا، ادویات اور دیگر امدادی سامان پہنچا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سول ڈیفنس پنجاب سیلاب میں پھنسے افراد کے لیے امید کی کرن بن چکا ہے۔ ڈرونز کے ذریعے دور دراز علاقوں میں متاثرین کو تلاش کیا جا رہا ہے، جبکہ ایئر لفٹ ڈرون ایک وقت میں 200 کلوگرام تک خوراک اور ادویات ناقابلِ رسائی علاقوں میں پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
جن مقامات تک کشتیوں کے ذریعے رسائی ممکن نہیں، وہاں ڈرونز سے امداد پہنچائی جا رہی ہے۔ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن دن رات بلا تعطل جاری ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب اور ڈائریکٹر سول ڈیفنس خود متاثرہ علاقوں میں جا کر ڈرون ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی ایمرجنسی ایئر لفٹ ڈرون سروس ہے جس کے ذریعے نہ صرف امداد پہنچائی جا رہی ہے بلکہ خطرناک اور ناقابلِ رسائی مقامات سے انسانوں کو محفوظ انداز میں ایئرلفٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مزید 10 ایئر لفٹ ڈرونز خریدنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ تربیت یافتہ سول ڈیفنس اہلکار قیمتی انسانی جانیں بچانے اور ہر ممکن امداد فراہم کرنے میں سرگرم ہیں۔
ترجمان کے مطابق پنجاب کے تمام متعلقہ محکمے اور افسران 24 گھنٹے فیلڈ میں متاثرین کی خدمت اور ریلیف سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔