صدر آصف علی زرداری کی اُرمچی میں کمیونسٹ پارٹی سیکرٹری سنکیانگ چن شیاوجیانگ سے ملاقات

13

اسلام آباد ، 18 ستمبر ( اے پی پی):صدر آصف علی زرداری نے اُرومچی میں کمیونسٹ پارٹی سیکرٹری سنکیانگ چن شیاوجیانگ سے ملاقات کی۔صدر زرداری کی ملاقات میں گورنر سنکیانگ ارکن تونیا ز بھی موجود تھے۔ چن شیاوجیانگ نے صدر زرداری کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ صدر زرداری نے فروری 2025 میں بیجنگ میں صدر شی چن پنگ سے ملاقات کی تھی اور اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے۔حالیہ دورۂ وزیراعظم شہباز شریف کے موقع پر سی پیک کے دوسرے مرحلے کی رفتار تیز تر ہوئی،چن شیاوجیانگ نے کہا کہ سنکیانگ خوشحالی اور پائیدار امن کا مرکز بن چکا ہے، جی ڈی پی 5.6 کھرب یوان سے تجاوز کر گیا ہے۔سنکیانگ انتہا پسندی کی بنیادی وجوہات پر قابو پانے اور سماجی ترقی کے لئے اقدامات کر رہا ہے،پاکستان اور چین کے درمیان آٹھ سسٹر سٹی معاہدے ہیں جن میں اُرمچی اور پشاور بھی شامل، پاکستان اور چین دہشتگردی اور علیحدگی پسندی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند رہیں گے۔اس موقع پر  صدر زرداری نے کہا چین کے عوام کی یکجہتی اور سنکیانگ کی ترقی متاثر کن ہے۔  پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی آزمائش پر پوری اتری ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔پاکستان دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے چین کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا ، پاکستان اور چین زراعت، صنعت، معدنیات اور نئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔صدر زرداری نے مزید کہا کہ اُمید ہے دونوں ممالک کے عوام جلد ایک دوسرے کے ممالک سڑک کے ذریعے آسانی سے سفر کر سکیں گے۔  ملاقات میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے وزیر توانائی ناصر شاہ، پاکستان اور چین کے سفراء بھی شریک تھے۔