صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا لنگڑیال فلڈ ریلیف کیمپ ملتان کا دورہ،مٹھائی اور تحائف تقسیم کئے

31

 ملتان،06ستمبر(اے پی پی ):صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے ملتان میں قائم بستی لنگڑیال فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا ۔

اور جشن عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر سیلاب متاثرین میں مٹھائی اور تحائف تقسیم کئے۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور اسسٹنٹ کمشنر عبدالسمیع شیخ و دیگر انتظامی افسران ان کے ہمراہ تھے ۔صوبائی وزیر صحت نے فلڈ ریلیف کیمپ میں قائم ضلعی محکموں کی جانب سے سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔ خیموں میں جاکر مٹھائی پیش کی اور سیلاب متاثرین کےمسائل دریافت کئے ۔انہوں نے سیلاب متاثرین کو بروقت کھانا اور طبی سہولیات کی فراہمی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سیلاب کے باعث تاریخ کی سب سے بڑی نقل مکانی ہوئی۔حکومت پنجاب نے قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے بروقت تمام اقدام مکمل کئے۔

انہوں نے کہا کہ موسم کی شدت کے باعث سیلاب متاثرین کو بڑے ٹینٹ ہاؤسز میں شفٹ کیا جارہاہے۔جشن میلادالنبی کے بابرکت دن کے موقع پر قدرتی آفت ٹلنے کیلئے دعاگو ہیں۔اس موقع پر سیلاب متاثرین نے دکھ کی گھڑی میں ساتھ دینے پر پنجاب حکومت اور صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔اس سے قبل خواجہ سلمان رفیق ہیڈ محمد والا بھی گئے ۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،

صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں اور ریلیف کیمپوں میں طبی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،  ہیڈ محمد والا ملتان کے دورہ پر خواجہ سلمان رفیق نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ

 وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی مثالی قیادت سے نقصانات اور دریائے چناب میں ہیڈ محمد والا ملتان کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔اس سلسلے میں انتظامیہ و پولیس کا کردار بھی قابل تعریف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے انخلا اور خوراک کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔اس سلسلے میں ضلع ملتان کے 27 ہزار سیلاب متاثرین کو فلڈ ریلیف کیمپس میں منتقل کیا گیا ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف جلد سیلاب متاثرین کیلئے امدادی پیکج کا اعلان کرینگی۔خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ ہیڈ تریموں سے نئے آنے والے سیلابی ریلے سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل ہیں۔انہوں نے انتظامیہ کو سانپ کاٹنے کی ویکسین و دیگر ادویات کی دستیابی کو ہر کیمپ میں یقینی بنانے کا حکم دیا۔اس سے قبل بریفنگ میں صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ دریائی علاقوں سے 4 لاکھ سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا گیا۔