لاہور 19 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر سے گاوی مشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں تھبانی مفاسا، کیری گہین اور کریگ شامل تھے۔ ملاقات میں سپیشل سیکرٹری عون عباس، ایڈیشنل سیکرٹریز محکمہ صحت و آبادی، ڈائریکٹر ای پی آئی اور روڈ میپ ٹیم کے ارکان بھی شریک تھے۔ وفد کو محکمہ صحت و آبادی کے جاری پروگرامز اور اعداد و شمار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ سروائیکل کینسر ویکسینیشن مہم کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہیلتھ ریفارمز پروگرام کی تعریف کی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ حکومت پاکستان کی پہلی HPV ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی، یہ مہم وزیراعلیٰ پنجاب کے منشور کا حصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہیلتھ پارٹنرز کے تعاون سے گزشتہ سال کے مقابلے میں خسرہ کے کیسز میں نمایاں کمی رپورٹ ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ری ویمپنگ پروگرام کے تحت ویلیو ایڈڈ سہولیات میں اضافہ عوام کو بہتر علاج معالجہ فراہم کرنے میں معاون ہے، جبکہ بی ایچ یو آؤٹ سورسنگ ماڈل صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر پراجیکٹ کے ذریعے سوشل موبلائزنگ فورس میسر آئے گی۔ صوبے کی ڈیجیٹل میپنگ سے امیونائزیشن کوریج میں بتدریج بہتری آئی ہے اور تمام ویکسینیٹرز کو فیول کارڈز بھی فراہم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موثر پالیسی کی بدولت ویکسینیٹرز کی پنجاب کے 99 فیصد علاقوں تک کوریج ممکن ہو پائی ہے۔ عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور مریم نواز ہیلتھ ریفارمز کے ثمرات ہر سطح پر پہنچائے جا رہے ہیں۔











