قصور،29ستمبر(اے پی پی): سروائیکل کینسر ایک موذی مرض، پنجاب بھر کی طرح ضلع قصور میں بھی سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی قومی ویکسی نیشن مہم کامیابی کےساتھ جاری ہے۔سروائیکل کینسر جیسے موذی مرض سے بچاؤ کےلئے 9سال سے 14سال تک بچیوں کو ویکسی نیشن لگائی جارہی ہے۔ اسی حوالے سے ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ اتھارٹی قصور ڈاکٹر فیصل اقبال نے اے پی پی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت پنجاب بھر میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی قومی ویکسی نیشن زور وشور سے جاری ہے۔ ضلع قصور میں اب تک 9سال سے 14سال تک کی 70فیصد بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کےلئے ویکسی نیشن لگادی گئی ہیں اور اس قومی ویکسی نیشن مہم کو کامیاب بنانے کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔آج کی صحت مند بچیاں کل کی صحت مند ماں ہوں گی۔ ڈاکٹر فیصل اقبال نے بتایا کہ پاکستان میں سروائیکل کینسر کی وجہ سے ہر ماہ 8 بچیوں کی اموات ہو رہی ہیں۔ میری تمام والدین سے گزارش ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے جاری سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی قومی ویکسی نیشن بالکل Safe ہے اس کا کوئی نقصان نہیں۔ آپ اس قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی بچیوں کو ضرور یہ ویکسی نیشن لگوائیں اور انشاللہ آج کی ہماری صحت مند بچی کل کی صحت مند ماں ہوگی۔











