جیل ہیلتھ کونسل کا اجلاس،ضلعی انتظامیہ نے جیل ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا

35

ملتان،29 ستمبر(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ نے جیل ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو کی صدارت میں جیل ہیلتھ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع کی چاروں جیلوں میں طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے جیل ہسپتالوں میں جدید طبی آلات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام جیلوں میں میڈیکل اسٹاف کی حاضری پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قیدی بھی معاشرے کا حصہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب قیدیوں کے علاج معالجے پر خصوصی فوکس کر رہی ہے اور جیل ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ صحت کی سہولیات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔