ملتان،09 ستمبر(اے پی پی): ضلع ملتان کی تحصیلوں جلال پور پیر والا، شجاع آباد اور ملتان میں سیلاب متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے نقل مکانی آپریشن بغیر کسی وقفے کے جاری ہے، جہاں متعدد ریسکیو بوٹس حصہ لے رہی ہیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات پر جلال پور پیر والا میں رات کے وقت بھی متاثرہ افراد کو نکالنے کا عمل جاری رکھا گیا۔
ترجمان ریسکیو نے بتایا کہ آپریشن کی براہِ راست نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق آج کے دن کے دوران تحصیل جلال پور پیر والا سے 2582 افراد اور 89 جانور، تحصیل شجاع آباد سے 534 افراد اور 132 جانور جبکہ تحصیل ملتان سے 1009 افراد اور 303 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق ضلع ملتان کی تینوں تحصیلوں سے آج کے دن مجموعی طور پر 4125 افراد اور 524 جانوروں کو کامیابی کے ساتھ محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ امدادی کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کے لیے دیگر اضلاع سے ریسکیو بوٹس بھی روانہ کر دی گئی ہیں۔
ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ ریسکیو 1122 سیلاب زدہ علاقوں میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دن رات سرگرم عمل ہے اور متاثرہ عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔











