دریائے چناب میں ہیڈ محمد والا، شیر شاہ اور جلالپور پیر والا کے مقامات پر ہائی فلڈ ، ریڈ الرٹ جاری

27

ملتان،09 ستمبر(اے پی پی): دریائے چناب میں ہیڈ محمد والا، شیر شاہ اور جلالپور پیر والا کے مقامات پر ہائی فلڈ کی صورتحال برقرار ہے، ضلعی انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ شیر شاہ اور جلالپور پیر والہ کے نشیبی علاقوں سے نقل مکانی کا سلسلہ تیز ہوگیا۔

ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ شہریوں کے محفوظ انخلاء کے لیے پاک فوج اور پاک نیوی کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں، جبکہ وہ مسلسل تیسرے روز جلالپور پیر والا میں امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق ہیڈ تریموں سے آنے والا 5 لاکھ کیوسک کا ریلا ہیڈ محمد والا پہنچنے سے دریائے چناب کی سطح میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی لیول فلڈ کی صورت میں شیر شاہ روڈ کو فوری طور پر بریچ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا تاکہ شہری آبادی کو بچایا جاسکے۔

وسیم حامد سندھو نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں جلالپور پیر والہ سے مزید 2 ہزار افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ دریائے ستلج اور چناب کے ریلوں نے علاقے کو ہائی رسک پر پہنچا دیا ہے۔ ان کے مطابق اگلے 24 گھنٹے تک ہائی فلڈ کے باعث جلالپور پیر والہ میں ایمرجنسی نافذ رہے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جلالپور پیر والہ میں مزید 5 نئے فلڈ ریلیف کیمپس قائم کردیے گئے ہیں جبکہ جلالپور بیٹ کے مکینوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوراً محفوظ مقامات پر منتقل ہوکر انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔