اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):عراقی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سٹاف پائلٹ مہند غالب محمد راضی الاسدی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے جمعرات کو ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف ائیر سٹاف پاکستان ایئر فورس، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہوئی، جن میں بالخصوص مشترکہ تربیت، استعداد کار میں اضافہ اور ایوی ایشن انڈسٹری میں پیش رفت شامل تھے۔ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر پاکستان ایئر فورس کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان اور عراق کے مابین گہرے مذہبی و تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا اور انہیں دونوں فضائی افواج کے دیرینہ تعلقات کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے عراقی فضائیہ کو تربیت کے شعبے میں پاکستان ایئر فورس کی غیر متزلزل معاونت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پاک فضائیہ عراقی فضائیہ کی استعداد کار میں اضافے کے اقدامات کو جاری رکھے گی۔ دونوں کمانڈرز نے مشترکہ مشقیں اور تربیتی پروگرام منعقد کرنے پر اتفاق کیا تاکہ دوستی کو مزید مستحکم اور عملی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔عراقی فضائیہ کے کمانڈر نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی وژنری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور خطے میں ایک جدید، پیشہ ور اور ٹیکنالوجی سے آراستہ فضائیہ میں اس کی تبدیلی کو سراہا۔ انہوں نے اپنی فضائیہ کے تربیتی نظام کو بنیادی سے لے کر اعلیٰ عملی اور حربی سطح تک ازسرِ نو استوار کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور اس ضمن میں پاک فضائیہ کے تعاون کی خواہش ظاہر کی۔ عراقی کمانڈر نے یہ بھی کہا کہ ان کی فضائیہ پاک فضائیہ کے پائلٹس کے ساتھ تبادلہ تعیناتیوں سے سیکھنے کے مواقع کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں پاک فضائیہ کے جدید اقدامات، مقامی صلاحیتوں اور مستقبل بین وژن کو دیکھ کر گہرا تاثر ظاہر کیا اور کہا کہ عراقی فضائیہ بھی اسی طرز پر عراق میں ایک ایسا نظام قائم کرنے کی خواہاں ہے جو اکیڈمیا، صنعت اور فوجی تقاضوں کو یکجا کرے۔ بعدازاں معزز مہمان نے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور تکنیکی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔عراق کے اس اعلیٰ سطحی دفاعی وفد کا دورہ پاکستان اور عراق کے درمیان عسکری تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا عکاس ہے۔











