لاہور، 05 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت فرسٹ پنجاب ٹرانسپورٹ ایکسپو 2025 لاہور میں منعقد ہوئی۔ سینئر منسٹر پنجاب مریم اورنگزیب نے ایکسپو کا دورہ کیا اور حکومت پنجاب کے جدید ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر مبنی ماڈلز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایکسپو کے دوران پنجاب کے بڑے منصوبوں جیسے فیصل آباد اور گوجرانوالہ میٹروز، پنجاب ائیر لائن اور مری گلاس ٹرین کو نمایاں طور پر سراہا گیا۔ مریم اورنگزیب نے ای ٹیکسی اسکیم اور اسٹوڈنٹس بائیک اسکیم کی بھی تعریف کی اور ملکی و غیر ملکی ای ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے اسٹالز کا دورہ کیا۔ انہوں نے مسافروں کے لیے بنائے گئے جدید ماڈل بس اسٹاپس کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن “ماڈرن گرین موبلیٹی” ہے جو سستی، باعزت، معیاری اور ماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ماڈرن الیکٹرک بسز، آٹومیٹڈ ریل سسٹم اور ہائی اسپیڈ ریل جیسے منصوبوں کے ذریعے صوبے کے عوام کو جدید سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پنجاب ٹرانسپورٹ ایکسپو کا انعقاد حکومت پنجاب کا منفرد اعزاز ہے۔ ای وہیکلز کے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی کے تدارک میں مدد ملے گی اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی بنیاد قائم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو میں عوام کو پہلی بار ایک ہی چھت تلے جدید ای وہیکلز کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملا ہے، جبکہ غیر ملکی کمپنیوں کی بڑی تعداد میں شرکت حکومت کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار ہے۔











