جلالپورپیروالا 29 ستمبر (اے پی پی ): ریجنل ایمرجنسی افیسر بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر عبدالستار اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کی زیر نگرانی جلال پور پیر والا میں فلڈ سے متاثرہ افراد کے لیے ٹرانسپورٹیشن کا عمل جاری ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق سیلابی پانی اور راستے نہ ہونے کی وجہ سے متاثرہ شہریوں کو ریسکیو اہلکار ٹرانسپورٹیشن کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ اس کے ذریعے متاثرین اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہیں اور ساتھ ہی کھانے پینے کی اشیاء اور جانوروں کا چارہ بھی اپنے ساتھ لے جا رہے ہیں۔
نوراجہ بھٹہ، بستی لانگ M87، پیر اولیاء ، بستی لانگ کہنوں اور بہادر پور سمیت دیگر دیہاتوں کے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف سامان اور ٹرانسپورٹیشن فراہم کرنے کا عمل جاری ہے تاکہ وہ معمولاتِ زندگی کی بحالی کی طرف قدم بڑھا سکیں۔
ریسکیو حکام نے واضح کیا ہے کہ ریلیف اور بحالی کا یہ عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے۔











