شجاع آباد 19 ستمبر)اے پی پی ): – قائم مقام صدرِ مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے جمعہ کے روز تحصیل شجاع آباد اور جلال پور پیر والا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ صدر مملکت شجاع آباد کے موضع رکن ہٹی میں قائم ریلیف کیمپ پہنچے، متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔صدرِ مملکت نے موقع پر لگائے گئے میڈیکل کیمپ کا بھی معائنہ کیا اور ادویات کے معیار کو چیک کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ متاثرین کے علاج معالجے اور کھانے پینے کی اشیاء میں کسی قسم کی کمی نہ آنے پائے۔
دورے کے دوران ممبر قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی، وفاقی وزیر و چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون، سابق رکن صوبائی اسمبلی جاوید انصاری، پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان، محمد نعیم خان، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت عمائدینِ علاقہ اور سیاسی و سماجی رہنما بھی ہمراہ تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سیدہ حمیرا شاہ نے صدرِ مملکت کو متاثرین کی بحالی اور نقصانات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے جنوبی پنجاب کو شدید نقصان پہنچایا ہے تاہم تمام ادارے ریلیف اور بحالی کے عمل میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرین کی بحالی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔
بعد ازاں پاکستان سویٹ ہوم کی جانب سے متاثرین میں کھانا تقسیم کیا گیا، صدر مملکت متاثرین میں گھل مل گئے اور ان کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔ کیمپ میں مقیم متاثرین نے صدرِ مملکت کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔











