لاہور، 19 ستمبر (اے پی پی): صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 31ویں اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے 3 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف نے کی۔ اجلاس میں پنجاب کے 10 زونز میں انوائرمنٹ پروٹیکشن فورس بنانے کے لیے 3 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ محکمہ جنگلات کے پی ایم اینڈ ای ونگ کو فعال بنانے کے لیے پوزیشن پیپر منظور کیا گیا۔ پنجاب میں لینئیر شجرکاری کی ڈیجیٹل گنتی کے پروگرام کا پوزیشن پیپر بھی منظور کیا گیا جبکہ سیاحت کے فروغ اور کاروباری ترقی کے لیے پروگرام مینجمنٹ یونٹ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پی اینڈ ڈی بورڈ کے ممبران اور متعلقہ سیکٹرز کے افسران نے شرکت کی۔











