قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نورلان سوران بایف کی وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات

19

اسلام آباد، 09 ستمبر ( اے پی پی):قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نورلان سوران بایف نے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وسطی ایشیا تک ریل کے ذریعے رسائی کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال اور مختلف ریلوے روٹس اور علاقائی کنیکٹیویٹی پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر ریلوے نے کہا کہ علاقائی روابط سے پاکستان ریلوے اور ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا، وفاقی وزیر ریلوے نے قازقستان کے ڈپٹی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اور قازقستان تجارتی راہداریوں کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ ملاقات میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان ریلوے تعاون کے نئے امکانات پر بات چیت بھی کی گئی ۔وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ علاقائی روابط سے تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں نئی راہیں کھلیں گی۔  ریل رابطوں کے فروغ سے پاکستان خطے کا ٹرانزٹ حب بن سکتا ہے۔