پاکستان میں صنعتکاری کا نیا دور شروع ہو رہا ہے ، ملکی معیشت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک نئے انقلاب کی دہلیز پر ہے، ہارون اختر خان

12

اسلام آباد،9ستمبر(اے پی پی):وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے صنعت و تجارت ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں صنعتکاری کا نیا دور شروع ہو رہا ہے اور ملکی معیشت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک نئے انقلاب کی دہلیز پر ہے۔ وہ اسلام آباد میں منعقدہ ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ سیمینار سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ “کونسیپٹ سے پروڈکٹ تک” ماڈل ایک انقلابی اقدام ہے جو نہ صرف برآمدات بڑھانے کا ذریعہ بنے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کی پہلی قومی صنعتی پالیسی متعارف کرائی گئی ہے، جو صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل کے ساتھ ساتھ ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ کی طرف بھی بڑھ رہا ہے، جبکہ 3 ڈی اسکیننگ اور زیرو ڈیفیکٹ پروڈکشن مستقبل کی صنعت کے بنیادی ستون ہوں گے۔ ان کے مطابق چین کے ساتھ صنعتی ری لوکیشن اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے نئے مواقع میسر ہیں جن سے پاکستانی صنعت فائدہ اٹھا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ایس ایم ایز اب عالمی ویلیو چینز کا حصہ بن سکیں گی، جس سے برآمدی شعبے کو نئی وسعت ملے گی۔ ہارون اختر خان نے اس موقع پر اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان انڈسٹری 4.0 کے انقلاب کے لیے پوری طرح تیار ہے۔