اسلام آباد،09 ستمبر (اے پی پی): قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نورلان سَوران بایف کی قیادت میں وفد نے وزارتِ بحری امور کا دورہ کیا جہاں سیکریٹری بحری امور سید ظفر علی شاہ نے وفد کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان سمندری تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سیکریٹری بحری امور نے وفد کو پاکستانی بندرگاہوں پر کاروباری سہولتوں سے متعلق بریفنگ دی اور کہا کہ پاکستان کی بندرگاہیں خطے کے لیے اسٹریٹجک حیثیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گوادر وسطی ایشیائی ملکوں اور قازقستان کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے،کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم میں وسطی ایشیائی کارگو کے لیے اضافی گنجائش موجود ہے جبکہ گوادر کے فری زون میں ٹیکس اور ڈیوٹی سے مکمل استثنیٰ فراہم کیا جاتا ہے۔
قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نورلان سَوران بایف نے پاکستان سے طویل المدتی بحری تعاون کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ قازقستان گوادر سے براہ راست ملٹی موڈل کوریڈور میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
ملاقات میں پاکستان، قازقستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلنے کے امکانات پر بات ہوئی اور ٹرانزٹ و ٹرانس شپمنٹ معاہدے بھی زیر غور آئے۔











