قصور،08 ستمبر(اے پی پی): ریسکیو 1122 سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ دریائے ستلج کے مقام پراس وقت3لاکھ19ہزار سے زائدکیوسک کا ریلاگزررہاہے۔
ریسکیوذرائع کے مطابق ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں دریائے ستلج کے کنارے واقع متعدد دیہات، خصوصاً گنڈا سنگھ والا کے علاقے میں پھنسے ہوئے مکینوں اور ان کے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں سرگرم عمل ہیں۔
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں 21 ہزار سے زیادہ لوگوں کو کشتی کی سہولت فراہم کر چکیں ہیں جبکہ 7000 سے زائد مویشیوں کو بھی سیلابی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
امدادی کارروائیوں کے سلسلے میں ریسکیو 1122 قصور دریائے ستلج سے ملحقہ علاقوں میں 18 مقامات پر 65 موٹر بوٹس کے ساتھ سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف عمل ہیں اس کے ساتھ ساتھ ریسکیو 1122 کا عملہ مختلف مقامات پر سیلاب متاثرہ خاندانوں میں خوراک اور دیگر ضروری سامان بھی تقسیم کر رہا ہے۔ ریسکیو 1122 مشکل کی اس گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کڑے وقت میں شہریوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔











