لودھراں،16ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق لودھراں میں درس قران کا اہتمام کیا گیا۔ گورنمنٹ ڈگری کالج میں منعقدہ درس قرآن میں سیلاب سے متاثرہ بہنوں نے شرکت کی۔درس قرآن میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی نے خصوصی شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کی برکات ہمارے لئے اللہ تعالیٰ کا خصوصی انعام ہے،الہامی کتاب کو سمجھنا اور اس پرعمل کرنا وقت کی ضرورت ہے،یہ دنیا کی واحد کتاب ہے جس کی حفاظت کا ذمہ خود اللہ تعالیٰ نے لیا ہے،ہم قرآن پر عمل کرکے مصیبتوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی نے کہا کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں قرآن پاک پر عمل کا درس دیا ہے،قرانی تعلیمات رہتی دنیا تک رشدو ہدایت کا بڑا ذریعہ ہیں،قران مجید روز قیامت اپنے پڑھنے والوں کی شفاعت کرے گا۔اس موقع پر عالمہ نے درس قرآن پر روشنی ڈالی جبکہ سیلاب متاثرہ خواتین نے اپنے دلوں کو منور کیا۔درس قرآن کے اختتام پر ملکی ترقی وخوش حالی اور قدرتی آفات سے بچاؤ کیلئے دعائیں بھی کی گئیں اور درس قرآن کے اختتام پر تبرک بھی تقسیم کیا گیا۔











