‎وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایرانی صدر  کے مابین  ملاقات

10

‎اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور ایران نے قطر کےساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں امت کی صفوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے-‎وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے مابین ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر دوطرفہ ملاقات ہوئی۔‎ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان کی طرف سے 9 ستمبر کو قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے قطر کے لیے اپنی یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ دوحہ عرب اسلامک سمٹ نے مسلم دنیا کی جانب سے ایک مضبوط اور متفقہ پیغام دیا ہے کہ اسرائیل کی جارحیت مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔‎گزشتہ ماہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کی ایران کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

‎صدر پیزشکیان نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مضبوط مؤقف کو سراہتے ہوئے پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وزیراعظم کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تیزی سے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے پیش نظر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔