ملتان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری

15

 

ملتان 07 ستمبر  (اے پی پی ):ریجنل پولیس آفیسر ملتان کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ سٹی پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنر اور ایس پی صدر ملتان خود براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی ٹیمیں دن رات متاثرہ عوام کی مدد میں مصروف ہیں۔

پاک فوج کے تعاون سے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے تاکہ متاثرہ دیہات اور نشیبی علاقوں سے پھنسے ہوئے لوگوں کو بحفاظت نکالا جا سکے۔ ریسکیو ٹیموں نے متعدد افراد، خواتین، بچوں اور بزرگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

ریجنل پولیس آفیسر ملتان کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی بھی شہری کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ پولیس اور دیگر ادارے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

مزید یہ کہ متاثرہ مقامات پر پولیس کے جوان گشت پر مامور ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال یا جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔

ریجنل پولیس آفیسر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی ضرورت یا ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر پولیس یا ریسکیو ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔