لاہور۔30ستمبر (اے پی پی):چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا مستقبل ہی نہیں بلکہ حال کا سرمایہ بھی ہیں، نوجوانوں کو ہر میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یونیورسٹی آف لاہور میں ٹیک اینڈ انٹر پر ینیورشپ سمٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ آج دنیا میں ٹیکنالوجی کی جنگ ہے، پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹیکنالوجی کے میدان میں کامیابی حاصل کی ہے اور دنیا آج پاکستان کی ٹیکنالوجی اور پوٹینشل کو تسلیم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آج پوری دنیا میں رسوا ہو رہا ہے جبکہ پاکستان کا نام ہر جگہ نمایاں ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج سرحدوں پر ملک کا دفاع کر رہی ہیں جبکہ نوجوانوں کو بہتر مستقبل دینے کے لیے بھی ایک بڑی جنگ لڑی جا رہی ہے۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ہمارا ہدف خواتین کو مضبوط اور خود مختار بنانا ہے، اسی مقصد کے لیے ای سپورٹس سمیت جدید شعبوں پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے دنیا کے دروازے کھل رہے ہیں، وہ محنت کریں گے تو دنیا ان کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نوجوانوں کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ وہ پاکستان کا روشن مستقبل ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں، حکومت انہیں کاروباری مواقع اور سٹارٹ اپس کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انٹرپرینیورشپ کے فروغ اور نوجوانوں کے بزنس آئیڈیاز کو عملی شکل دینے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ نوجوان اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے عمل میں بھرپور کردار ادا کریں۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ انٹرپرینیورشپ کے فروغ سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ ملکی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔ نوجوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہیں، اسی لیے حکومت سٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی اور وسائل کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ’’ڈیجیٹل یوتھ ہب‘‘نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ایک انقلابی کاوش ہے، جو انہیں علم، مہارت اور روزگار کے ایسے مواقع فراہم کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے آن لائن کورسز اور سرٹیفیکیشن پروگرامز شروع کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ فری لانسنگ اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں اپنی پہچان بنا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سٹارٹ اپس کی رہنمائی، مالی معاونت اور سرمایہ کاری کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فری لانسنگ اور ای کامرس کی طرف تیزی سے بڑھنا ہوگا اور نوجوانوں کو آئی ٹی کے میدان میں زیادہ سے زیادہ آگے آنا ہوگا۔ رانا مشہود احمدنے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان حکومتی پروگراموں سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنی زندگیاں سنواریں اور اپنے مستقبل کو ملک کے مستقبل سے وابستہ کریں۔انہوں نے کہا کہ یوتھ پروگرام سے پاکستان میں ترقی کا آغاز ہو چکا ہے،اس ترقی کو اب کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، ہمارے نوجوان اچھا کام کر رہے ہیں اور پاکستان کا ہر آنیوالا دن بہتری کا دن ہے ان کے ساتھ مل کر ہم مزید ترقی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت ینگ انٹرپرینیورز کے ساتھ کھڑی ہے آپ کی کامیابی میں پاکستان کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان پاکستان کا کل نہیں بلکہ آج ہیں اور اگر وہ اپنے ساتھ مخلص ہو جائیں تو آسمان ہی ان کی حد ہے۔











