راولاکوٹ پونچھ،22 ستمبر(اے پی پی ): وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوار الحق کا صابر شہید اسٹیڈیم میں معرکہ حق ، بنیان المرصوص جلسے سے خطاب کیا۔جلسہ گاہ پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اُٹھی، وزیراعظم آزادکشمیر نے خطاب میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اورپونچھ کے عوام کی محرومیوں کے ازالے کیلئے ایک ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ہمیں قابض اور محافظ افواج میں فرق کرنا ہے، کشمیری عوام کی جانب سے وزیراعظم پاکستان و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاک سعودی عرب باہمی دفاعی معاہدہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے سے پاکستان کا عالمی فورمز پر اثر و رسوخ بڑھے گا،اس دفاعی معاہدے کی بدولت مسئلہ کشمیر کو مزید پذیرائی ملے گی، گزشتہ 72 گھنٹوں میں بھارت نے لیپہ میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش کی، ہماری بہادر مسلح افواج پاکستان نے ایل او سی لیپہ میں دشمن کو پھر بھرپور جواب دیا۔
جلسہ گاہ میں وزرائے حکومت ، سابق وزراء اعظم ، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین ، عوام ،کارکنان اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔











