وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے، کنگ خالد ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال

19

ریاض۔17ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے۔ کنگ خالد ائیر پورٹ ریاض پہنچنے پر ریاض کے نائب گورنر محمد بن عبد الرحمٰن بن عبدالعزیز، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور اعلیٰ سفارتی حکام نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیرِ اعظم کی ریاض آمد پر پورے شہر میں سبز ہلالی پرچم لہرا رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی اور سعودی عرب کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے طیارے کا سعودی عرب کی فضائی حدود میں داخلے پر سعودی فضائیہ کے لڑا کا طیاروں نے شاندار استقبال کیا ۔