ترکیہ کے سفیر کی وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے ملاقات

15

اسلام آباد، 17 ستمبر (اے پی پی): ترکیہ کے سفیر نے وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال سے ملاقات کی جس میں صحت کے شعبے میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ اور گہرے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر صحت کے نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے تبادلے، پاکستان میں ہیلتھ ٹورازم کو فروغ دینے، مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری کے اقدامات اور ڈاکٹرز و نرسز کی تعلیمی شراکت داری کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ دونوں ممالک صحت کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق صحت کے شعبے میں جامع اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ترکیہ کے سفیر نے پاکستان میں صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کو سراہتے ہوئے تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔