اسلام آباد، 12 ستمبر )اے پی پی):وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت سمیڈا کے بورڈ کا 31واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم، سی ای او سمیڈا سقراط امان رانا سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے آغاز پر ہارون اختر خان نے نئے بورڈ ممبران کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سمیڈا کا نیا ڈھانچہ حتمی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق سمیڈا کے نئے ماڈل میں آؤٹ سورسنگ اور پالیسی و پروگرام ڈیزائن پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم کی واضح ہدایت تھی کہ سمیڈا کے لیے آؤٹ سورسنگ ماڈل اپنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ سمیڈا کے علاقائی دفاتر آزاد کشمیر، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں قائم کیے جائیں گے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو ملک بھر میں فروغ مل سکے۔سی ای او سمیڈا کی تعیناتی پر بھی غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں ہیومن ریسورسز کمیٹی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے جو نامزدگی کے بعد وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق فوری تقرری کرے گی۔ ہارون اختر خان نے اس موقع پر کہا کہ سی ای او کی تعیناتی صرف اور صرف میرٹ پر ہوگی اور شفافیت پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سمیڈا جیسے ادارے پاکستان کے لیے نہایت اہمیت کے حامل ہیں جن میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سمیڈا میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ خواتین اور مائیکرو انٹرپرائزز کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔ہارون اختر خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کی تیز رفتار ترقی کے لیے سمیڈا کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔











