اسلام آباد، 24 ستمبر )اے پی پی ): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے اسکاٹ جیکب اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کاروباری اصلاحات، لائسنسنگ کے نظام، این او سی کے معاملات اور کمپنیز ایکٹ میں بہتری سے متعلق تجاویز پر گفتگو کی گئی۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات زیر غور ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قوانین کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ غیر ضروری کاغذی کارروائی ختم کرنے اور کاروبار میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ریفارمز پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فہرست شدہ اور غیر فہرست شدہ کمپنیوں کے معاملات میں آسانی لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اس موقع پر بورڈ آف انویسٹمنٹ کے نمائندوں نے بھی معاون خصوصی کو لائسنس کے نظام اور دیگر اصلاحات پر بریفنگ دی اور کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔











