وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جرمن سفیر انا لیپل کی ملاقات، باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق

15

لاہور، 28 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جرمنی کی سفیر انا لیپل نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جرمن سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے حالیہ سیلاب کے بعد جرمنی کی بروقت یکجہتی اور تعاون کے پیغام کو سراہا۔
وزیراعلیٰ نے جدید زرعی ٹیکنالوجی، گرین ٹیکنالوجی اور جنگلات کی افزائش میں جرمنی کے تعاون کو قابل قدر قرار دیا۔ انہوں نے ہنرمند افرادی قوت کے تبادلے اور جرمنی کے ڈوئل ووکیشنل ٹریننگ ماڈل پر مزید تعاون کا خیر مقدم کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جرمنی ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے، ویمن ایمپاورمنٹ، سماجی تحفظ اور انسانی ترقی میں پاکستان کا دیرینہ شراکت دار ہے۔ نومبر میں پاکستان اور جرمنی کے مابین ہونے والے G2G مذاکرات سے دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرا ویژن ایک خوشحال اور جدید پنجاب ہے، جہاں ہر شہری بااختیار ہو، اس خواب کی تکمیل میں جرمنی ایک اہم ساتھی بن سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2024 میں پاکستان اور جرمنی کی دو طرفہ تجارت 3.63 بلین امریکی ڈالر رہی اور پاکستان کا تجارتی توازن مثبت رہا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ 40 جرمن کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں کام کر رہی ہیں، جو روزگار اور مواقع پیدا کر رہی ہیں۔ ماحولیاتی تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور حالیہ تباہ کن سیلاب اور سرحد پار سموگ بڑے چیلنجز ہیں۔
ملاقات میں تعلیم کے فروغ، جرمنی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد اور نصاب میں جدت پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے لاہور میں اینا میری شممل ہاؤس کی خدمات کو سراہا اور کھیلوں کے فروغ میں جرمنی کے تعاون کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں جرمن جونیئر ہاکی ٹیم نے لاہور کا دورہ کیا اور مزید اسپورٹس ایکسچینجز اور کوچنگ کے مواقع کے منتظر ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں واسا کا دائرہ کار چار اضلاع سے بڑھا کر 23 اضلاع تک کیا جا رہا ہے جبکہ ستھرا پنجاب جیسے ادارے عوامی سہولت کے لئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تین دریاؤں کے بیک وقت بپھرنے اور مسلسل بارشوں کے باعث پنجاب نے تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب دیکھا، تاہم حکومت پنجاب کے بروقت انخلا اور ریسکیو آپریشن سے لاکھوں جانیں بچائی گئیں۔ اس دوران 2.2 ملین مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ سیلاب متاثرین کو رہائش، کھانا، خشک راشن، طبی سہولتیں اور جانوروں کے لئے چارہ فراہم کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ فیلڈ ہسپتالوں، کلینک آن وہیلز اور فلڈ ریلیف کیمپوں میں ہیلتھ کاؤنٹرز کی بدولت وبائی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہوا۔
جرمن سفیر انا لیپل نے واسا ایکسپو کا دورہ کیا اور اس کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دیہی علاقوں میں شدید سیلاب آیا لیکن حکومت نے متاثرین کی بحالی کے لئے شاندار اقدامات کئے ہیں۔