گوانگژو، 23 ستمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے بیجنگ جینومکس انسٹی ٹیوٹ (BGI) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں ادارے نے پاکستانی ماہرین کے لیے 500 تربیتی اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ جینومکس میں تعاون پاک چین دوستی میں ایک نیا باب ہے اور دونوں ممالک اب سڑکوں اور بجلی گھروں سے آگے بڑھ کر زندگی کے بنیادی نقشے کو سمجھنے کی طرف جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک 2.0 جینومکس اور بایوٹیکنالوجی کے ذریعے صحت، غذائی تحفظ اور جدت پر مبنی روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تعاون صرف بیماریوں کے علاج تک محدود نہیں بلکہ پاکستان اور چین کے عوام کے لیے خوشحالی کی راہ بھی ہموار کرتا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاک چین دوستی پہاڑوں سے بلند اور سمندروں سے گہری ہے اور اب جینومکس تعاون کے ساتھ یہ رشتہ انسانی جینوم جیسی بامعنی شکل اختیار کر گیا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور سی پیک کے تحت جینومکس کو محدود سہولت نہیں بلکہ عوامی نعمت بنایا جائے گا۔
ان کے مطابق جینومکس تعاون پاکستان اور چین کو صحت مند نسل، غذائی تحفظ اور علم پر مبنی معیشت میں سرمایہ کاری کا موقع فراہم کرتا ہے۔











