وفاقی وزیر تجارت کی تہران میں ایرانی وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سے ملاقات

21

تہران،15 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے تہران میں ایرانی وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارتی تعلقات اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ایرانی وزیر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جس پر جام کمال خان نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ جذبہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

دونوں وزراء نے باہمی تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ کل ہونے والے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے اور سہولت کاری کے لیے عملی روڈ میپ تیار کیا جائے گا۔

جام کمال خان نے کہا کہ بارٹر ٹریڈ، فری ٹریڈ ایگریمنٹ اور بارڈر مارکیٹس کو فعال بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔ اس موقع پر دونوں وزراء نے سڑک، ریل اور بندرگاہی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق نجی شعبے کی سہولت کاری اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے۔ ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستانی چاول اور گوشت کی برآمدات کو ایران میں مزید فروغ دیا جائے۔

ایرانی وفد میں ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن، وزارت خارجہ اور چیمبر آف کامرس کے اعلیٰ عہدیداران بھی شریک تھے۔