اسلام آباد: 5 ستمبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے بنگلہ دیشی صدر کے مشیر برائے مذہبی امور اے ایف ایم خالد حسین کی وفد کے ہمراہ ملاقات، ہوئی۔ بنگلہ دیشی وفد نے پاکستان میں سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی عوام کے بنگلہ دیشی عوام کے ساتھ برادرانہ جذبات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ روایات، اسلامی ورثے، سماجی اقدار اور ادبی اظہار پر استوار ہیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات میں بہتری خطے کے لئے اہم ثابت ہوگی۔
مشیر براۓ بنگلہ دیشی صدر نے کہا دونوں ممالک کی وزارت مذہبی امور کے مابین تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کریں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے دونوں ممالک کے علماء کرام اور مدارس کے طلباء کے تبادلوں کی تجویز دی، پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔











