شارجہ، 08 ستمبر ( اے پی پی): پاکستان ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے سہ ملکی سیریز جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کمبینیشن بہت اچھا ہے اور ہم ایشیاء کپ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔پچ کی صورتحال دیکھ کر اندازہ تھا کہ یہاں 130 سے 140 کے اسکور کا ٹارگٹ حاصل کرنا مشکل کام ہوگا،سلمان علی آغا نے کہا کہ افغانستان کی سپن باؤلنگ دنیا کی بہترین سپن باؤلنگ ہے، بطور ٹیم ہمیشہ گزشتہ میچ سے اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد نواز بہترین آل راؤنڈر ہیں، آج کے میچ میں ان کی باؤلنگ اور بیٹنگ اچھی رہی۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ حارث ٹاپ آرڈر بیٹسمین ہے، اُنہوں نے کبھی نچلے نمبر پر کھیلنے کی شکایت نہیں کی بلکہ ٹیم کیلئے قربانی دی۔ سلمان علی آغا نے کہا کہ مجھے محمد حارث پر پورا اعتماد ہے کہ وہ ایشیاء کپ میں بہتر پرفارم کریں گے۔











