ملتان، 08ستمبر (اے پی پی): ملتان کے نواحی علاقوں بستی مانوں والی اور خان بیلہ میں دریائے چناب کی طغیانی اور مسلسل بارش کے باوجود ریسکیو 1122 کا ریلیف و ایویکوایشن آپریشن پوری شدت سے جاری ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق، یہ ریسکیو آپریشن گزشتہ رات سے شروع ہوا، جو بغیر کسی تعطل کے صبح تک جاری رہا۔ درجنوں اہلکاروں پر مشتمل ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں گھر گھر جا کر محصور خاندانوں کو نکالا اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے شہریوں کے ساتھ ساتھ ان کے قیمتی سامان اور مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا تاکہ مالی نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے والے ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور بزرگوں کو ترجیحی بنیادوں پر نکالا گیا اور ان کی فوری دیکھ بھال کا بندوبست کیا گیا۔ریسکیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انجینئر محمد بلال، ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ مشکل حالات، مسلسل بارش اور پانی کی بلند سطح کے باوجود ریسکیو اہلکاروں نے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جانفشانی اور جذبے کے ساتھ دن رات کام کیا۔ریسکیو 1122 کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اور خطرے کے علاقوں سے دور رہیں تاکہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔











