پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاسی کمیٹی برائے آزاد جموں و کشمیر کا اجلاس

11

اسلام آباد،23 ستمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاسی کمیٹی برائے آزاد جموں و کشمیر کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں کمیٹی کے اراکین، وزیرِ اعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور اور نو منتخب سینیٹر رانا ثناء اللہ خان، وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام اور پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے شرکت کی۔

اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی و انتظامی صورت حال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے کمیٹی کے اراکین نے مرکزی کمیٹی کے ان اراکین، جو وفاقی حکومت کا حصہ ہیں، سے مطالبہ کیا کہ موجودہ صورت حال میں طاقت کا استعمال کسی صورت مناسب نہیں ہوگا۔آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کو چاہیے کہ وہ آئین اور قانون کے مطابق حالات کو سنبھالے۔

ایکشن کمیٹی اور حکومتِ آزاد جموں و کشمیر کے مابین طے شدہ امور پر عمل درآمد کیا جائے۔ ایکشن کمیٹی کے وہ مطالبات جو بعد میں شامل کیے گئے ہیں، اگر قابلِ عمل ہوں اور ان پر فوری عمل درآمد ممکن ہو، تو ان مطالبات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔

ایکشن کمیٹی کو بھی چاہیے کہ وہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جمہوری تقاضے پورے کرے اور پرامن رہ کر اپنے مطالبات دلائل کے ساتھ حکومت کے سامنے رکھے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے اندر امن و امان کی صورتِ حال کو برقرار رکھنا چاہتی ہے اور سیاسی رواداری کی روایات کو قائم رکھنے کی خواہاں ہے۔

ماضی میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر نے عوام کے آئینی اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی جمہوری جدوجہد کے ذریعے تمام سیاسی و عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

مشیرِ سیاسی امور اور وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی تجاویز کو اعلیٰ سطح پر زیرِ غور لا کر عوامی و قومی مفاد میں جلد بہتر فیصلے کیے جائیں گے اور فریقین کے درمیان مذاکراتی عمل کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔