کوئٹہ، 23 ستمبر (اے پی پی): صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پشتون کلچر ڈے جوش و خروش سے منایاگیا،محکمہ ثقافت،سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے مختلف تقاریب کاانعقاد کیاگیا، نوجوانوں نے ثقافتی لباس زیب تن کیا جبکہ ڈھول کی تاپ پر اتنڑ کیا گیا۔
کوئٹہ،پشین،قلعہ عبداللہ،چمن،قلعہ سیف اللہ،ژوب، زیارت، موسیٰ خیل،ہرنائی،سبی سمیت مختلف اضلاع میں پشتون کلچر ڈے جوش و خروش سے منایا گیا، نوجوانوں نے ثقافتی لباس زیب تن کیا جبکہ ڈھول کی تاپ پر اتنڑ کیا گیا۔اس موقع پر مختلف تقریبات، سیمینارز، مشاعرے، ثقافتی شوز اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا جن میں نوجوانوں، طلبا اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکاء نے اس حوالے سے اپنے پیغامات میں کہاکہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنی ثقافت اور تاریخی ورثے پر فخر کرتی ہیں اور اس کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتی ہیں۔پشتون ثقافت امن، مہمان نوازی، شجاعت اور غیرت کی علامت ہے۔ اس دن کو منانا ہماری آنے والی نسلوں کو اپنی تاریخ اور اقدار سے جوڑنے کا ذریعہ ہے۔بلوچ اور پشتون صدیوں سے بھائی چارے اور محبت کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔ حکومت بلوچستان صوبے کی تمام ثقافتوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔











