پاکستان میں سیاحت کا فروغ،سردار یاسر الیاس کا ہنرمند نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر زور

16

اسلام آباد،15 ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت،سردار یاسر الیاس نے پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے ہنر مند نوجوانوں کےلیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو ہنر مندی کی تعلیم کی طرف آنا چاہئے جس سے ان کو مستقبل میں کاروبار کے مواقع حاصل ہو سکتے ہیں۔

اے پی پی کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے سیاحت کے شعبے، موسمیاتی تبدیلی، مذہبی سیاحت، طبی سیاحت میں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے کے مختلف شعبوں پر کام کرنے کے حکومتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سرمایہ کاری کے مواقع اور پڑوسی ممالک کے ساتھ بین الاقوامی دوروں کے بارے میں بات کی جس میں کانٹینٹ کریئیٹرز اور نوجوانوں کو ملک کا مثبت امیج بنانے والوں میں اہم قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا وژن ہے کہ ملک میں سیاحت کے شعبے کو بلندیوں پر لے کر جانا ہے۔ اس شعبے میں نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنانا ہے اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے سیاحت اور ہاسپیٹیلٹی سیکٹر کو مضبوط بنانا ہے۔