سیلاب متاثرین خواتین میں راشن بیگز، تقسیم کرنے کی تقریب

26

قصور،15ستمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں نے علامہ اقبال پبلک ہائی سکول قصور میں سیلاب متاثرین خواتین میں راشن بیگز، تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔ مہرمحمدعاشق پرنسپل علامہ اقبال پبلک ہائی سکول قصور کی طرف سے تقریب کا انعقادکیاگیا۔اس موقع پر سابق اسسٹنٹ کمشنر ملک افضل خاں،مہرمحمدعاشق،پروفیسر چوہدری مہر دین و دیگر معززین بھی موجودتھے۔

وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی بحالی اور گھروں کی تعمیر کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ہم آپ کے دُکھ میں برابر کے شریک ہیں اورمکمل بحالی تک عوام کے ساتھ ہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پانی کی روک تھام کیلئے مضبوط بند باندھے جائیں گے۔وزیر مملکت نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب نے مل کر مقابلہ کرنا ہے،سیلاب متاثرین کی عزت نفس مجروح کیے بغیر امدادی سامان فراہم کیا جائے گا، سیلاب متاثرہ گھروں کی تعمیر نو کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک ایک گھر بنا کر دینے کا وعدہ کیاہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت نے علامہ اقبال پبلک اسکول کی انتظامیہ کی جانب سے اس اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت، ادارے اور عوام ایک پیج پر ہیں۔