اسلام آباد، 29 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال کی صدارت میں پاکستان نرسنگ کونسل سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں پاکستان نرسنگ کونسل کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
وفاقی وزیر صحت نے ہدایت دی کہ کونسل کے تمام امور کو جلد از جلد کمپیوٹرائزڈ کیا جائے تاکہ انسانی مداخلت کم سے کم ہو اور میرٹ و شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ کے شعبے میں کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کیا جائے گا اور پاکستان نرسنگ کونسل کو ایک جدید، مؤثر اور بین الاقوامی معیار کا ادارہ بنایا جائے گا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ صحت کے نظام میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے لیکن اس وقت پاکستان کو نو لاکھ نرسز کی کمی کا سامنا ہے جب کہ دنیا بھر میں تقریباً 25 لاکھ کوالیفائیڈ نرسز درکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نرسنگ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مضبوط بنانے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا اور اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا۔











