اسلام آباد ، 26 ستمبر ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن، ممبر انوائرمنٹ، ڈی سی اسلام آباد، ڈی جی کیپیٹل ایمرجنسی سروسز سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کی اپ گریڈیشن اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا اجلاس کو بریفننگ دی گئی کہ اس ضمن میں این ڈی ایم اے سے بھی مشاورت و معاونت حاصل کی جا رہی ہے اور کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کو مزید مستحکم کرنے کیلئے جدید آلات فراہم کئے جائیں گے،کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کی کار کردگی کو بڑھانے کیلئے ڈرونز، موٹر بائیک اور ریسکیو گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایمرجنسی آپریشنز کی مانیٹرنگ اور جلد ریسپانس کو یقینی بنانے کیلئے ایک جدید ایمرجنسی آپریشن سنٹر قائم کیا جائے،ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کی تعمیر کیلئے ایک مناسب مقام کا تعین کر لیا گیا، اجلاس کو بریفننگ میں بتایا گیا کہ جنگلات میں لگنے والی آگ سے نمٹنے کیلئے جدید ترین آلات، خاص طور پر ڈرونز کا استعمال اور واچ ٹاورز بنائے جائیں گے۔
چیئرمین سی ڈی نے اس موقع پر کہا کہ ایمرجنسی آپریشنز سینٹر میں رئیل ٹائم ٹریکنگ اور نگرانی کا جدید نظام قائم کیا جائے گا،ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں عملے کی بھرتی اور پیشہ وارانہ تربیت کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ ریسکیو آپریشنز کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکے،ایمبولینس میں ٹریکرز اور پرائیویٹ ایمبولینس سروسز کے ساتھ منسلک کرکے فوری رسپانس ٹائم کو مزید بہتر کیا جائے،جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے استعمال کو ترجیح دی جائے۔ریسکیو اسٹیشنز کیلئے ایسے ڈیزائن تیار کئے جائیں جو کم لاگت کے ساتھ ساتھ سٹریٹجک لوکیشن پر واقع ہوں،ہاؤسنگ سوسائٹیز اپنے ایریاز میں فوراً ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو اسٹیشنز قائم کریں، ان تمام اقدامات کا مقصد دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کے تحفظ کیلئے ایمرجنسی سروسز کے معیار کو بہتر بنانا ہے، کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کو جدید سہولیات و آلات سے مزین کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں جائیں ۔











