ریسکیو 1122 کی جانب سے متاثرینِ سیلاب کو ٹرانسپورٹیشن اور ریلیف سہولیات فراہم

16

ملتان 26 ستمبر (اے پی پی):گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریسکیو 1122 نے ضلع ملتان، تحصیل جلال پور پیر والا اور تحصیل شجاع آباد کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ٹرانسپورٹیشن سروسز فراہم کیں۔ اس سہولت کے تحت دریائے چناب اور دریائے ستلج کے کناروں پر قائم ریلیف کیمپوں میں مقیم متاثرین کو اپنے گھروں تک پہنچانے کے لیے خصوصی ٹرانسپورٹ مہیا کی گئی۔ترجمان ریسکیو کے مطابق وہ متاثرین جو کیمپوں میں منتقل نہیں ہو سکے تھے، ان تک کھانے پینے کی اشیاء اور راشن کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی۔ اس ٹرانسپورٹیشن سروس سے اب تک 490 افراد نے استفادہ کیا ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین کی بحالی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں۔