ملتان28،ستمبر (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے مسلسل فیلڈ میں متحرک ہیں اور جلالپور پیر والہ میں جاری بحالی آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے آج جلالپور پیر والہ کے موٹر وے سیکشن کا دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ متاثرہ سڑکوں اور فلڈ بندوں کی مرمت میں کسی قسم کی سستی نہ برتی جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جاسکے۔وسیم حامد سندھو نے فلڈ ریلیف کیمپس کا بھی دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر انتظامیہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق جلالپور پیر والہ کے ریلیف کیمپس میں اس وقت 5 ہزار سے زائد افراد مقیم ہیں جنہیں کھانے پینے، علاج معالجہ اور رہائش سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موٹر وے اور فلڈ بندوں کی مرمت مکمل ہونے تک بحالی آپریشن جاری رہے گا اور متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔











