کاشغر : صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں عشائیہ

14

 

‎کاشغر،  19 ستمبر ( اے پی پی):  صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے  سنکیانگ کے نائب گورنر اور کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری کاشغر ، نی ژوانگ   کی طرف سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کی۔

‎عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ چین کے مختلف شہروں میں نظر آنے والی شاندار ترقی سے بے حد متاثر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چینی عوام سے ملاقات اُن کے لیے توانائی اور مثبت جذبات کا باعث بنتی ہے۔ صدر نے صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی رہنمائی میں چین ایک بڑی اقتصادی طاقت کے طور پر اُبھرا ہے۔

اس موقع پر  نی ژوانگ  نے  کہا کہ کاشغر اور پاکستان کی عوام کے درمیان صدیوں پرانے تعلقات قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاشغر پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور تجارت، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔عشائیے میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور دونوں ممالک کے سفراء  بھی شریک تھے-