ملتان ، 25 ستمبر (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے نوراجہ بھٹا بند پر جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ بند میں آنے والے چار بڑے شگاف پر کرنے کے لیے دونوں جانب سے اپروچ روڈز مکمل کر لی گئی ہیں۔ پانی کے اندر مٹی ڈال کر راستے بنا دیے گئے ہیں اور شگاف بھرنے کا عمل آج سے باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
کمشنر عامر کریم خان کو موٹروے اور لودھراں سائیڈ پر جاری کام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے کہا کہ بند کی مرمت اور شگاف بھرنے کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ بعدازاں کمشنر نے فلڈ ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا جہاں متاثرہ شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
انہوں نے کیمپوں میں موجود سہولتوں کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ کمشنر عامر کریم خان نے مزید بتایا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تخمینے کے لیے سروے ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں اور جلد از جلد رپورٹ تیار کر کے عملی اقدامات شروع کیے جائیں گے۔
اس موقع پر دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔











