وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا چین کے صوبہ ہونان میں مختلف اداروں اور کمپنیوں کا دورہ

15

اسلام آباد، 25ستمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے چین کے صوبہ ہونان میں مختلف اداروں اور کمپنیوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی سڑکوں کی تعمیر سے خلا کی تسخیر کی طرف بڑھ رہی ہے اور سی پیک کے تحت دونوں ممالک خلائی ٹیکنالوجی میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔پروفیسر احسن اقبال نے ہونان سیٹلائٹ اسپیس ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور کہا کہ چین کے تعاون سے پاکستان خلائی ٹیکنالوجی میں ایک نیا باب رقم کرنے جا رہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی پاکستان کو قومی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد دے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہونان سیٹلائٹ اسپیس ٹیکنالوجی اور پاکستانی انجینئرز باہمی تعاون سے سیٹلائٹس تیار کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے سی آر آر سی ژوژو لوکوموٹیو کمپنی لمیٹڈ کا بھی دورہ کیا اور کمپنی کو ایم ایل-1 منصوبے کے لیے مسابقتی لاگت پر حصہ لینے کی دعوت دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے مستقبل کو جدید، مؤثر اور عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوکوموٹیو پلانٹ کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ریلوے تعاون سے روابط میں انقلاب آئے گا، اخراجات کم ہوں گے اور پاکستان کی ترقی کو توانائی ملے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور چین مل کر جدید ریلوے کا مستقبل آگے بڑھا رہے ہیں۔وزیر منصوبہ بندی نے اپنے دورے کے دوران ذوزھو ٹائمز نیو میٹیریل ٹیکنالوجی کمپنی کا بھی دورہ کیا اور بیس ممالک کے مندوبین کے وفد کی قیادت کی۔ وفد کو کمپنی کی جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ جدید مٹیریل سائنس صنعتی ترقی اور انفراسٹرکچر کے لئے ناگزیر ہے اور سی پیک فیز ٹو کے تناظر میں نئی ٹیکنالوجیز سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین سائنسی تعاون کو وسعت دے رہے ہیں جبکہ صنعتی جدت معیشت کو عالمی مسابقت کے قابل بناتی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستان چینی ٹیکنالوجی سے سیکھ کر اپنی صنعت اور معیشت کو جدید خطوط پر استوار کر سکتا ہے اور چین کی سائنس و ٹیکنالوجی میں پیش رفت دنیا کے لیے مشعلِ راہ ہے۔