لاہور، 3 ستمبر (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سوشل میڈیا پر وائرل خبر دیکھنے کے بعد لاہور کی تھیم پارک ہاؤسنگ سوسائٹی مولنوال میں سیلاب سے متاثرہ ایک فیملی کے پاس پہنچ گئے، جس کی نو بچیوں کا جہیز حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلے میں بہہ گیا تھا۔
گورنر پنجاب نے متاثرہ فیملی کی نو بچیوں کی شادی کی ذمہ داری اپنے ذمے لیتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر انہوں نے سیلاب زدہ فیملی اور اہلِ علاقہ سے ملاقاتیں بھی کیں۔ متاثرہ علاقے کے مکینوں نے گورنر پنجاب کو پانی میں ڈوبے اپنے گھروں اور سیلاب سے تباہ ہونے والا قیمتی سامان دکھایا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ شدید بارشوں اور سیلاب نے پنجاب بھر میں تباہی مچادی ہے، لوگ اپنے گھروں اور قیمتی سامان سے محروم ہو گئے ہیں اور کئی خاندان قبرستانوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اس وقت ان کی تمام تر توانائیاں سیلاب زدگان کی بحالی پر مرکوز ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر متاثرہ خاندانوں کو تین وقت کا کھانا مہیا کیا جائے گا جبکہ ریڈ کریسنٹ کی جانب سے میڈیکل کیمپس بھی لگائے جائیں گے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا ہے اور سیلاب متاثرین کی مدد سیاست سے بالاتر ہو کر کی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تھیم پارک ہاؤسنگ سوسائٹی مولنوال میں خیمے لگا کر سیلاب متاثرین کو رہائش دی جائے گی، اہل علاقہ نے گورنر پنجاب کو شکایت کی کہ سرکاری سطح پر کسی قسم کی رہائشی خیمے، کھانا یا طبی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں اور انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنی جانیں بچائیں۔