ہواوے گروپ کے وائس چیئرمین کی صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ملاقات

15

لاہور، 25 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ہواوے گروپ کے وائس چیئرمین مسٹر رے نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں ہواوے کی سرمایہ کاری کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ہواوے گروپ نے پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، اسمارٹ سٹیز، ڈیجیٹل ہیلتھ کیئر اور ایجوکیشن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے جبکہ اپنی مصنوعات کی اسمبلی اور مینوفیکچرنگ کے کارخانے بھی قائم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ڈیجیٹل پنجاب کے وژن کی تکمیل میں ہواوے کے تعاون کا خیر مقدم کرتی ہے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران شنگھائی کے ڈسٹرکٹ لونگ گانگ میں ہواوے ٹیکنالوجیز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زراعت کے فروغ کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہواوے کو چاہیے کہ سیڈ ڈویلپمنٹ اور جدید زرعی ٹیکنالوجی میں بھی تعاون کے امکانات کا جائزہ لے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ٹیلی کمیونیکیشن، الیکٹرانکس، ای-کامرس اور ڈیجیٹائزیشن کے شعبوں میں ہواوے گروپ کی مہارتیں پنجاب کے لیے انتہائی سودمند ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کے لیے پنجاب میں ای-ٹیکسی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے اور اس شعبے میں بھی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر موجود ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ فیڈمک کے تحت انڈسٹریل اسٹیٹس میں چینی سرمایہ کاروں کے لیے کمیونٹی سینٹر بھی قائم کیا جارہا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ انٹرنیٹ کی سست روی عوامی مسائل میں سے ایک ہے اور تیزی سے 5G ٹیکنالوجی کی جانب بڑھنا وقت کی ضرورت ہے۔ ہواوے گروپ کے وائس چیئرمین مسٹر رے نے کہا کہ کمپنی پنجاب میں اپنی سرمایہ کاری مزید بڑھائے گی۔