اسلام آباد، 10 اکتوبر(اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (پی آر اے پی) کے وفد نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت نو منتخب صدر (پی آر اے پی) ایم بی سومرو نے کی، جبکہ وفد میں سیکرٹری نوید اکبر، احمد نواز اور جاوید نور شامل تھے۔
ملاقات کے دوران پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کی نو منتخب باڈی نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو اپنی انتخابی کامیابی سے آگاہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ پی آر اے پی کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفد کی درخواست کو خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے دوران پی آر اے پی کی نو منتخب باڈی سے حلف لینے کا یقین دلایا۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے پی آر اے پی کی نو منتخب قیادت کو مبارکباد پیش کی اور پارلیمانی صحافیوں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی کارروائی کی مؤثر کوریج میں پارلیمانی رپورٹرز کا کردار نہایت اہم اور قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی آگاہی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمانی رپورٹرز کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ پی آر اے پی کی نو منتخب باڈی کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا تاکہ پارلیمانی امور کی شفاف اور مؤثر رپورٹنگ کو مزید فروغ دیا جا سکے۔











