اسلام آباد،10 اکتوبر (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان خلائی تحقیق اور سائنسی ترقی کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید دنیا میں خلائی علوم کا ہر شعبے سے گہرا تعلق ہے اور اگر اس میدان میں توجہ نہ دی گئی تو ہم ترقی یافتہ ممالک سے بہت پیچھے رہ جائیں گے۔
جمعہ کے روز ماڈل کالج فار گرلز اسلام آباد میں منعقدہ “ورلڈ اسپیس ویک” کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کسی بھی تہذیب کے عروج و زوال کا تعلق علم و تحقیق سے جڑا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مسلمان سائنس دانوں نے خلائی تحقیق میں نمایاں کردار ادا کیا اور آج بھی ضرورت ہے کہ نوجوان علم و تحقیق کی جستجو کو اپنی ترجیح بنائیں۔احسن اقبال نے کہا کہ خلائی تحقیق بچوں میں جستجو اور تخلیقی سوچ پیدا کرتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے اسپیس ایگزیبیشن کا معائنہ کیا، اسپیس واک میں شرکت کی اور ماڈل کالج میں پودا لگایا۔











