اسلام آباد،21 اکتوبر (اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جنیوا میں 151ویں بین الپارلیمانی اسمبلی سے خطاب میں انسانی ہمدردی، انصاف اور عالمی امن کے فروغ پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان انسانی ہمدردی کے امور میں غیر جانب داری اور آزادی کے اصولوں پر کاربند ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے عالمی انسانی قوانین کے استحکام اور شہری آبادی کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ریاستی خودمختاری کی پامالیوں اور عالمی اصولوں کی تنزلی پر تشویش کا اظہار کیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے غزہ میں جنگ بندی منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام پر گزشتہ دو برسوں کے مظالم انسانی ضمیر کو ہمیشہ جھنجھوڑتے رہیں گے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور کہا کہ بھارتی حکومت کی آبادیاتی تبدیلیاں اور شہری آزادیوں کی سلبی قابلِ مذمت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خودمختاری کے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے اس لئے پاکستان نے بھارت کی بلا اشتعال جارحیت پر تحمل سے جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے بھارتی حمایت یافتہ ’فتنۂ الخوارج‘ کی جانب سے افغان سرزمین کے پاکستان مخالف استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی انسدادِ دہشتگردی کارروائیاں شہری تحفظ اور سرحدی سلامتی کے لیے ہیں۔
ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی کاربن اخراج میں معمولی حصہ دار مگر شدید موسمیاتی اثرات بھگت رہا ہے، عالمی برادری منصفانہ مالی معاونت اور یکجہتی دکھائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سفارتکاری اور پارلیمانی تعاون کے ذریعے عالمی امن پر یقین رکھتا ہے ۔پاکستان کی پیش کردہ سلامتی کونسل قرارداد 2788 امن کے فروغ کی علامت ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق جنیوا میں پارلیمانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ پارلیمانی وفد میں وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ مملکت بیرسٹر عقیل ملک سمیت چوہدری شہباز بابر، ڈاکٹر شرمیلا فاروقی، منیبہ اقبال اور اعجاز جکھرانی شامل ہیں۔











