اسلام آباد، 21 اکتوبر (اے پی پی): چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے البراکہ پاکستان اولیو سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں ترقی کے سفر پر گامزن ہے اور ملکی استعداد کار کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اقتصادی استحکام اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل معیشت کی طرف پیش رفت کر رہا ہے اور نوجوانوں کے لیے “ڈیجیٹل یوتھ ہب” جیسے منصوبے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زیتون (Olive) سیکٹر ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے، کیونکہ یہ نہ صرف برآمدات کے فروغ کا ذریعہ بنے گا بلکہ ماحولیاتی بہتری اور پانی کے مؤثر استعمال میں بھی مدد دے سکتا ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ایسے منصوبے پاکستان کے پائیدار مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی سفارشات ملکی ترقی کے لیے اہم ہیں اور ان پر عمل درآمد سے زراعت اور معیشت دونوں کو فائدہ ہوگا۔
اختتام پر انہوں نے کہا کہ ترقی کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں اور پاکستان جدید دنیا کے تقاضوں کے مطابق آگے بڑھنے کے لیے پُرعزم ہے۔











